صبر

  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے انہوں نے کہا جب آنحضرت ﷺ کو (جنگ موتہ) میں زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ اور جعفر رضی اللہ عنہ اور عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہما کے مارے جانے کی خبر آئی تو آپؐ اس طرح سے بیٹھے کہ آپؐ پر رنج معلوم ہوتا تھا ۔میں دروازے کی دراڑ میں سے دیکھ رہی تھی۔ اتنے میں ایک شخص آپؐ کے پاس آیا کہنے لگا جعفرؓ کی عورتیں رو رہی ہیں آپؐ نے فرمایا جا منع کر۔ وہ گیا اور پھر لوٹ کر آیا کہنے لگا وہ عورتیں نہیں مانتیں آپؐ نے فرمایا منع کر پھر تیسری بار آیا اور کہنے لگا خدا کی قسم یارسول اللہ! وہ تو ہم پر غالب ہوگئیں۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا آپؐ نے فرمایا جا ان کے منہ میں خاک جھونک دے میں نے اس سے کہا اللہ تیری ناک میں مٹی لگائے آنحضرت ﷺ نے جو تجھ سے فرمایا وہ تو تُو کرنہ سکا اور پھر آنحضرت ﷺ کا ستانا بھی نہیں چھوڑتا ۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الجنائز ،حدیث نمبر1221)