حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ام خلاد نامی عورت نقاب کئے ہوئے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور وہ اپنے مقتول (شہید) بیٹے کے بارے میں د ریافت کررہی تھی پس نبیؐ کے بعض اصحاب نے کہا آپ اپنے (شہید ہونے والے) بیٹے کے بارے پوچھ رہی ہیں اور (اتنی مصیبت اور غم کے باوجود) آپ نقاب کئے ہوئے ہیں اس (عظیم خاتون) نے کہا اگر میرا لختِ جگر جدا ہوگیا تو میں اپنے حیاء کے دامن کو تو نہیں چھوڑ دوں گی۔ پس رسولؐ نے فرمایا: تیرے بیٹے کے لئے دو شہیدوں کا اجر ہے اس نے کہا اے اللہ کے رسول ﷺ یہ کیوں؟ آپؐ نے فرمایا کیونکہ اسے اہل کتاب نے قتل (شہید) کیا ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد دوم کتاب الجہاد :2488)حضرت ابی ایوب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا چار چیزیں سب پیغمبروں کی سنت ہیں۔ شرم اور عطر لگانا اور مسواک کرنا اور نکاح کرنا۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب النکاح 1079)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا حیاء ایمان کا ایک ٹکڑا ہے اور ایمان کا انجام جنت ہے اوربے حیائی ظلم ہے اور ظلم کا انجام دوزخ ہے۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البرو الصلہ)حضرت ابی امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کلام میں حیاء اور تامل ایمان کی دو شاخیں ہیں اور بیہودہ گوئی اور بہت کلام نفاق کی دو شاخیں ہیں۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ)حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺنے فرمایا: کوئی مرد جب بھی کسی غیر محرم عورت کے ساتھ تنہائی میں ہوتا ہے تو ان کے ساتھ تیسرا شیطان ہوتا ہے۔
(ترمذی)حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: اے علیؓ غیر محرم عورت پر ایک نظر پڑنے کے بعد دوسری نظر نہ دوڑاؤ اس لئے کہ پہلی نظر تمہارے لئے معاف ہے اور دوسری نظر معاف نہیں ہے۔
(ترمذی)حضرت بہز بن حکیم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: اپنی شرمگاہ کو بیوی اور لونڈی کے علاوہ کسی کے سامنے ظاہر نہ کرو۔ میں نے پوچھا کہ اے اللہ کے رسول ﷺ اگر کوئی آدمی تنہا ہو؟ آپ ﷺ نے جواب دیا تو اللہ زیادہ لائق ہے کہ اس سے شرم وحیا کی جائے۔
(ترمذی)حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: جن عورتوں کے خاوند گھر میں موجود نہیں ہوتے ان کے ہاں نہ جایا کرو۔ شیطان تم میں سے ہر آدمی کے ساتھ اس طرح گھل مل جاتا ہے جیسے خون جسم میں جاری رہتا ہے۔ ہم نے پوچھا اے اللہ کے رسول ﷺ، آپ کے ساتھ بھی شیطان اسی طرح ہے؟ آپ ﷺ نے جواب دیا ہاں میرے ساتھ بھی ہے البتہ اللہ تعالیٰ نے اس کے خلاف میری مدد کی ہے اس لئے میں ا س سے محفوظ رہتا ہوں۔
(ترمذی)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکر م ﷺ نے فرمایا: تین اشخاص ایسے ہیں جن پر اللہ تعالیٰ نے جنت حرام کردی ہے۔ ۱۔ہمیشہ شراب پینے والا۔ ۲۔والدین کا نافرمان۔ ۳۔وہ بے غیرت جو اپنے گھر میں بے حیائی کو (دیکھنے کے باوجود اسے) برقرار رکھتا ہے۔
(احمد، نسائی)حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: بری بات جہاں کہیں بھی ہو قابل ملامت ہے اور شرم و حیا جہاں کہیں بھی ہو باعث فخر ہے۔
(ترمذی )