توحید کلمہ طیبہ

  • حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا خطاب کے بیٹے! جاؤ، لوگوں میں یہ اعلان کردو کہ جنت میں صرف ایمان والے ہی داخل ہونگے۔

    (مسلم)
  • حضرت ابو لیلیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے (ابوسفیان سے) ارشاد فرمایا ابوسفیان! تمہاری حالت پر افسوس ہے۔ میں تو تمہارے پاس دنیا و آخرت (کی بھلائی) لے کر آیا ہوں۔ تم اسلام قبول کرلوسلامتی میں آجاؤ گے۔

    (طبرانی، مجمع الزوائد)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جب قیامت کا دن ہوگا تو مجھے شفاعت کی اجازت دی جائے گی۔ میں عرض کروں گا: اے میرے رب! جنت میں ہر اس شخص کو داخل فرمادیجئے جس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی (ایمان) ہو چنانچہ (اللہ تعالیٰ میری اس شفاعت کو قبول فرمالیں گے اور) وہ لوگ جنت میں داخل ہوجائیں گے۔ پھر میں عرض کروں گا جنت میں ہر اس شخص کو داخل فرمادیجئے جس کے دل میں ذرا سا بھی(ایمان) ہو۔

    (بخاری)
  • حضر ت مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا روئے زمین پر کسی شہر، گاؤں، صحرا کا کوئی گھر یا خیمہ ایسا باقی نہیں رہے گا جہاں اللہ تعالیٰ اسلام کے کلمہ کو داخل نہ فرمادیں۔ ماننے والوں کو کلمہ والا بناکر عزت دینگے ۔نہ ماننے والوں کو ذلیل فرمائیں گے پھر وہ مسلمانوں کے ماتحت بن کر رہیں گے۔

    ( مسند احمد)
  • حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جب جنتی جنت میں اور دوزخی دوزخ میں داخل ہوچکے ہونگے تو اللہ تعالیٰ ارشاد فرمائیں گے: جس کے دل میں رائی کے دانہ کے برابر بھی ایمان ہو اسے بھی دوزخ سے نکال لو چنانچہ ان لوگوں کو بھی نکال لیا جائے گا۔ ان کی حالت یہ ہوگی کہ جل کر سیاہ فام ہوگئے ہوں گے۔ اس کے بعد ان کو نہر حیات میں ڈالا جائے گا تو وہ اس طرح (فوری طورپر ترو تازہ ہوکر) نکل آئیں گے جیسے دانہ سیلاب کے کوڑے میں (پانی اور کھاد ملنے کی وجہ سے فوری) اُگ آتا ہے۔ کبھی تم نے غور کیا ہے کہ وہ کیسا زرد بل کھایا ہوا نکلتا ہے؟

    (بخاری)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ایمان کی حلاوت اسی کو نصیب ہوگی جس میں تین باتیں پائی جائیں گی۔ ایک یہ کہ اللہ تعالیٰ اور ان کے رسول کی محبت اس کے دل میں سب سے زیادہ ہو۔ دوسرے یہ کہ جس شخص سے بھی محبت ہو صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لئے ہو۔ تیسرے یہ کہ ایمان کے بعد کفر کی طرف پلٹنے سے اس کو اتنی نفرت اور ایسی اذیت ہو جیسی کہ آگ میں ڈالے جانے سے ہوتی ہے۔

    (بخاری)
  • حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایاجس شخص نے اللہ تعالیٰ ہی کے لئے کسی سے محبت کی اور اسی کے لئے دشمنی کی اور (جس کو دیا) اللہ تعالیٰ ہی کے لئے دیا اور (جس کو نہیں دیا) اللہ تعالیٰ ہی کے لئے نہیں دیا تو اس نے ایمان کی تکمیل کرلی۔

    (ابوداود)
  • حضرت عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سناایمان کا مزہ اس نے چکھا (اور ایمان کی لذت اسے ملی) جو اللہ تعالیٰ کو رب، اسلام کو دین اور محمد ﷺ کو رسول ماننے پر راضی ہوجائے۔

    (مسلم)
  • حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ابوذر رضی اللہ عنہ سے ارشاد فرمایابتلاؤ ایمان کی کونسی کڑی زیادہ مضبوط ہے؟ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کو زیادہ علم ہے (لہذا آپ ﷺ ہی ارشاد فرمائیں) آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کے لئے باہمی تعلق و تعاون ہو اور اللہ تعالیٰ کے لئے کسی سے محبت ہو اور اللہ تعالیٰ ہی کے لئے کسی سے بغض و عداوت ہو۔

    (بیہقی)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جس شخص نے مجھے دیکھا اور مجھ پر ایمان لایا اس کو تو ایک بار مبارکباد اور جس نے مجھے نہیں دیکھا اور پھر مجھ پر ایمان لایا اسکو بار بار مبارکباد۔

    (مسند احمد)
« Previous 12345 Next » 

47