حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا میں ایک ایسا کلمہ جانتا ہوں جسے کوئی بندہ بھی دل سے حق سمجھ کرکہے اور اسی حالت پر اس کی موت آئے تو اللہ تعالیٰ اس پر ضرور جہنم کی آگ حرام فرمادیں گے، وہ کلمہ لا الہ الا اللہ ہے۔
(مستدرک حاکم)حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا خوشخبری لو اور دوسروں کو بھی خوشخبری دے دو کہ جو شخص سچے دل سے لا الہ الا اللہ کا اقرارکرے وہ جنت میں داخل ہوگا۔
(مسند احمد، طبرانی، مجمع الزوائد)حضرت عتبان بن مالک انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص قیامت کے دن لا الہ الا اللہ کو اس طرح سے کہتا ہوا آئے کہ اس کلمہ کے ذریعہ اللہ تعالیٰ ہی کی رضا مندی چاہتا ہو اللہ تعالیٰ اس پر دوزخ کی آگ کو ضرور حرام فرمادیں گے۔
(بخاری)حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جس نے اپنے دل کو ایمان کے لئے خالص کرلیا اور اپنے دل کو (کفرو شرک سے) پاک کرلیا، اپنی زبان کو سچا رکھا، اپنے نفس کو مطمئن بنایا (کہ اس کو اللہ کی یاد سے اور اس کی مرضی پر چلنے سے اطمینان ملتا ہو)اپنی طبیعت کو درست رکھا (کہ وہ برائی کی طرف نہ چلتی ہو)، اپنے کان کو حق سننے والا بنایا اور اپنی آنکھ کو (ایمان کی نگاہ سے) دیکھنے والا بنایا یقیناًیہ شخص کامیاب ہوگا۔
(مسند احمد)حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جو شخص اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہو وہ جنت میں داخل ہوگا اور جو شخص اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے کہ وہ اس کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا ہو وہ دوزخ میں داخل ہوگا ۔
(مسلم)حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا معاذ! تم جانتے ہو کہ بندوں پر اللہ تعالیٰ کا کیا حق ہے؟ اور اللہ تعالیٰ پر بندوں کا کیا حق ہے؟ میں نے عرض کیا: اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول زیادہ جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا بندوں پر اللہ تعالیٰ کا حق یہ ہے کہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں اور اللہ تعالیٰ پر بندوں کا حق یہ ہے کہ جو بندہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرے اسے عذاب نہ دے۔
(مسلم)حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کوئی شخص اس وقت تک (کامل) ایمان والا نہیں ہوسکتا جب تک کہ اس کی نفسانی خواہشات اس دین کے تابع نہ ہوجائیں جسکو میں لے کر آیا ہوں۔
(شرح السنہ، جامع العلوم والحکم)« Previous 12345 Next » 47 |