روزِقیامت اور علامات قیامت

  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے بعض نمازوں میں رسول اللہ ﷺ کو یہ دعا کرتے ہوئے سنا۔  اللہم حاسبنی حسابا یسیرا ۔ (اے اللہ میرا حساب آسان فرمادیجئے) میں نے عرض کیا۔ اے اللہ کے نبی! آسان حساب کا کیا مطلب ہے؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: بندہ کے اعمال نامہ پر نظر ڈالی جائے پھر اس سے درگذر کردیا جائے کیونکہ اے عائشہ اس دن جس کے حساب میں پوچھ گچھ کی جائے گی وہ تو ہلاک ہوجائے گا۔

    (مسند احمد)
  • حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: مجھے بتایئے کہ قیامت کے دن جو کہ پچاس ہزار سال کے برابر ہوگا) کسے کھڑا رہنے کی طاقت ہوگی جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔  یوم یقوم الناس لرب العلمین ۔( جس دن سب لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے)۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مومن کے لئے یہ کھڑا ہونا اتنا آسان کردیا جائے گا کہ وہ دن اس کے لئے فرض نماز کی ادائیگی کے بقدر رہ جائے گا۔

    (بیہقی، مشکاۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: سات چیزوں سے پہلے نیک اعمال میں جلدی کرو۔ کیا تمہیں ایسی تنگدستی کا انتظار ہے جو سب کچھ بھلادے، یا ایسی مالداری کا جو سرکش بنادے، یا ایسی بیماری کا جو ناکارہ کردے، یا ایسے بڑھاپے کا جو عقل کھودے، یا ایسی موت کا جو اچانک آجائے (کہ بعض وقت توبہ کرنے کا موقع بھی نہیں ملتا) یا دجال کا جو آنے والی چھپی ہوئی برائیوں میں بدترین برائی ہے، یا قیامت کا؟ قیامت تو بڑی سخت اور بڑی کڑوی چیز ہے۔

    (ترمذی)
« Previous 12345 Next » 

43