حضرت ابو مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب کوئی اپنے گھر والوں پر ثواب کی نیت سے (اللہ کا حکم سمجھ کر) خرچ کرے تو صدقہ کا ثواب پائے گا۔
(بخاری ، جلد اول کتاب الایمان ،حدیث نمبر53)حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا تو جو کچھ خرچ کرے اور اس سے تیری نیت اللہ کی رضا مندی کی ہو تو تجھ کو اس کا ثواب ملے گا یہاں تک کہ اس پر بھی جو تو اپنی بیوی کے منہ میں ڈالے۔
(بخاری ،جلد اول کتاب الایمان ،حدیث نمبر54)حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ میرے پاس تشریف لائے اس وقت (انصار کی) دو لڑکیاں میرے گھر میں بعاث کی لڑائی کا قصہ گارہی تھیں۔ آپؐ بچھونے پر لیٹ گئے اور اپنا منہ پھیر لیا ابوبکر رضی اللہ عنہ آئے انہوں نے مجھ کو جھڑکا اور کہا یہ شیطانی باجہ آنحضرت ﷺ کے سامنے۔ آخر آپؐ نے ان کی طرف منہ کیا اور فرمایا جانے دے (خاموش رہ) ۔جب ابوبکرؓ دوسرے کام میں لگ گئے تو میں نے ان لڑکیوں کو اشارہ کیا وہ چل دیں۔ یہ عید کا دن تھا۔ اس دن حبشی لوگ ڈھالوں اور برچھیوں سے کھیل کرتے تھے تو یا تو میں نے آنحضرت ﷺ سے خواہش کی یا خود آپؐ نے فرمایا تو یہ کھیل دیکھنا چاہتی ہے ۔میں نے عرض کیا جی۔ آپؐ نے مجھ کو اپنے پیچھے کھڑا کرلیا ۔میرا گال آپؐ کی گال پر تھا۔ آپؐ فرماتے تھے کھیلو کھیلو اے بنی ارفدہ !جب میں اکتا گئی تو آپؐ نے فرمایا بس۔ میں نے کہا جی ہاں۔ فرمایا اچھا جا۔
(بخاری ،جلد اول کتاب العیدین ،حدیث نمبر902)حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ہندہ رضی اللہ عنہا جو معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ کی ماں تھی نے آنحضرت ﷺ سے عرض کیا یارسول اللہ ابوسفیان بڑا بخیل آدمی ہے۔ اگر میں اس کا کچھ روپیہ چپکے سے لے لیا کروں تو مجھ پر گناہ تو نہ ہوگا۔ آپؐ نے فرمایا تو اتنا دستور کے موافق لے سکتی ہے جو تجھ کو اور تیرے بیٹوں کو کافی ہو۔
(سنن ابی داوُد ،جلد دوم کتاب البیوع،حدیث نمبر3533)(بخاری ،جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر2070)حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکریم ﷺ نے فرمایا کسی آدمی کے گناہ گار ہونے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ جس کے خرچ کا وہ ذمہ دار ہے اس کا خرچ روک لے۔
(مسلم ،کتاب زکوۃ )حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا پہلے اپنی ذات پر خرچ کرو۔ پھر اگر کچھ بچے تو اپنے اہل و عیال پر خرچ کرو ۔پھر اگر اپنے اہل و عیال سے کچھ بچے تو اپنے رشتہ داروں پر اور اگر رشتہ داروں سے بھی کچھ بچ جائے تو ادھر ادھر اپنے سامنے، دائیں اور بائیں والوں پر خرچ کرو۔
(مسلم ،کتاب الزکوۃ)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کوئی مسلمان شوہر اپنی مسلمان بیوی سے بغض نہ رکھے اگر اس کی کسی عادت سے وہ ناخوش ہے تو اس کی دوسری خصلت سے ضرور خوش ہوجائے گا۔
(مسلم ،کتاب النکاح )حضرت عبداللہ بن عمرو العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ساری کی ساری دنیا متاع (سازو سامان) ہے اور دنیا کی بہترین متاع نیک عورت ہے۔
(مسلم ،کتاب النکاح)حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا ابلیس کا تخت پانی پر ہے۔ وہاں سے وہ اپنے لشکر روانہ کرتا ہے۔ اس کے نزدیک سب سے زیادہ پسندیدہ شیطان وہ ہوتا ہے جو سب سے زیادہ لوگوں میں فتنہ ڈالتا ہے۔ اس کے لشکر میں سے ایک آکرکہتا ہے میں نے ایسا ایسا کیا ہے وہ کہتا ہے تم نے کچھ بھی نہیں کیا۔ پھر ان میں سے ایک آکر کہتا ہے میں نے ایک میاں بیوی کے درمیان جھگڑا کرادیا ہے۔ وہ اس کے قریب آکر کہتا ہے ہاں تم نے بہت اچھا کام کیا ہے اور اس کو گلے لگالیتا ہے۔
(مسلم ،کتاب صفۃ القیامۃ والجنۃ والنار)حضرت ابی ذر رضی اللہ عنہ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا ابن آدم کے ہر جوڑ پر صبح صدقہ ہوتا ہے۔ اپنے ملنے والے پر سلام کرنا صدقہ ہے ۔نیکی کا حکم کرنا اور برائی سے منع کرنا صدقہ ہے ۔راستہ سے تکلیف دہ چیز دور کرنا صدقہ ہے ۔بیوی سے مباشرت کرنا صدقہ ہے۔ صحابہ نے عرض کی اے اللہ کے رسول اگر کوئی اپنی شہوت پوری کرے پھر بھی صدقہ ہے۔ آپؐ نے فرمایا اگر کوئی زنا کرے تو کیا وہ گناہگار نہیں ہوگا ۔آپؐ نے فرمایا ہر ایک جوڑ سے دو رکعت نماز چاشت کافی ہوجاتی ہے۔
(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الادب،حدیث نمبر5243)« Previous 1234 Next » 38 |