اللہ سے محبت

  • حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ اللہ کے لئے محبت اور اللہ کے لئے بغض رکھنا افضل اعمال میں سے ہیں۔

    (سنن ابی داوُد، کتاب السنۃ جلد سوئم، :4599)
  • حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ رسول اللہ ﷺ سے روایت بیان کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا۔جس شخص نے اللہ تعالیٰ کے لئے کسی سے محبت کی اور اللہ کے لئے بغض رکھا، اللہ تعالیٰ کے لئے (کسی کو) کچھ دیا اور اللہ تعالیٰ کے لئے ہی روک لیا (نہ دیا) تو اس نے ایمان مکمل کرلیا۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب السنۃ 4681)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کے پاس بیٹھا ہوا تھا۔ پس وہاں سے ایک شخص کا گزر ہوا تو اس شخص نے کہا اے اللہ کے رسولؐ! میں اس (گزرنے والے) شخص سے محبت کرتا ہوں۔ نبی ﷺ نے اس سے دریافت فرمایا۔کیا تم نے اسے بتایا ہے؟اس نے کہا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا۔اسے بتاؤ۔ راوی بیان کرتے ہیں کہ ان دونوں کی آپس میں ملاقات ہوئی تو اس نے اسے کہا۔میں اللہ کی رضا کی خاطر تم سے محبت کرتا ہوں اس (دوسرے) شخص نے جواب دیا کہ وہ ذات تم سے محبت کرے جس کی وجہ سے تم مجھ سے محبت کرتے ہو۔

    (سنن ابی دا وُد جلد سوئم کتاب الادب:5125)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کے صحابہ کو کسی بات پر اس قدر خوش نہیں دیکھا جس قدر انہیں اس بات پر خوش دیکھا کہ ایک شخص نے کہا۔اے اللہ کے رسولؐ! ایک شخص کسی شخص سے اس کے نیک عمل کی بنیاد پر محبت کرتا ہے لیکن وہ خود اس جیسا عمل نہیں کرتا۔ (اس پر) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ ہر شخص اپنے محبوب کے ساتھ ہوگا۔

    (سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الادب :5128)
  • حضرت عبادہ بن صا مت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو اللہ کو ملنا چاہتا ہے اللہ بھی اس کو ملنا چاہتا ہے جو اللہ کا ملنا برا جانے اللہ بھی اس کے ملنے کو برا جانے۔

    (جامع ترمذی جلد اول باب الجنائز:1066)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا۔جو اللہ کو ملنا چاہے اللہ بھی اسے ملنا چاہے اور جو اللہ کے ملنے سے ناخوش ہو اللہ بھی اس کے ملنے سے ناخوش ہوتا ہے۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما نے کہا کہ میں نے پوچھا یارسول اللہؐ! ہم سب موت کو برا جانتے ہیں یعنی کسی کا دل موت (کی طرف) راغب نہیں۔ آپؐ نے فرمایا۔ اس کا یہ مطلب نہیں بلکہ مطلب یہ ہے کہ جب مومن کو ا للہ کی رحمت اور خوشی کی بشارت ہوتی ہے تو وہ جنت چاہتا ہے اور اللہ سے ملنا ،اور اللہ بھی اس سے ملنے کا مشتاق ہوتا ہے۔ اور کافر کو جب اللہ کے عذاب اور غصہ کی بشارت ہوتی ہے تواللہ کے ملنے کو برا جانتا ہے اور اللہ بھی اس سے ملنے کو دوست نہیں رکھتا ۔

    (جامع ترمذی جلد اول باب الجنائز:1067)
  • حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔جو بھی مسلمان صبح اور شام 3 بار (یہ کلمات) کہے تو یقیناًاللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کو خوش فرمادیں گے۔  رضیت باللہ رباً وبالاسلام دیناً وبمحمد نبیاً ۔ترجمہ: (میں اللہ تعالیٰ کے رب، اسلام کے دین اور محمد ﷺ کے پیغمبر ہونے پر راضی ہو گیا )۔

    (ترمذی)
  • حضرت مقدام بن معدیکرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔جب کوئی آدمی اپنے بھائی سے محبت کرے تو اسے بتائے کہ میں آپ سے محبت کرتا ہوں۔

    (ابو داود)
  • حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے عرض کیا ۔اے اللہ کے رسول ،مجھے ایسا عمل بتائیں کہ جس کے کرنے سے اللہ تعالیٰ اور لوگ بھی مجھ سے محبت کریں آپ ﷺ نے فرمایا۔دنیا سے محبت نہ کرو اللہ تعالیٰ تم سے محبت کریں گے اور لوگوں کے پاس جو مال ہے اس سے بھی محبت نہ کرو لوگ تم سے محبت کریں گے۔

    (ترمذی، ابن ماجہ)
  • حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ابوذر رضی اللہ عنہ سے ارشاد فرمایا۔ بتلاؤ ایمان کی کونسی کڑی زیادہ مضبوط ہے؟ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کو زیادہ علم ہے (لہذا آپ ﷺ ہی ارشاد فرمائیں) آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا۔اللہ تعالیٰ کے لئے باہمی تعلق و تعاون ہو اور اللہ تعالیٰ کے لئے کسی سے محبت ہو اور اللہ تعالیٰ ہی کے لئے کسی سے بغض و عداوت ہو۔

    (بیہقی)
« Previous 12 Next » 

20