حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہر ایک پینے کی چیز جو نشہ کرے وہ حرام ہے۔
(بخاری، جلد اول کتاب الوضو حدیث نمبر:239)حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہر نشہ آور چیز حرام ہے اور اللہ تعالیٰ نے یہ عہد کرلیا ہے کہ جو شخص دنیا میں نشہ آور مشروب پئے گا اس کو آخرت میں طِیْنَۃُ الْخَبَالِ پلائے گا۔ صحابہؓ نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ طِیْنَۃُ الْخَبَالِ کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا جہنمیوں کا پسینہ یا جہنمیوں کے زخموں کا نچوڑ (یعنی خون اور پیپ وغیرہ)۔
(مسلم ،کتاب الاشربۃ)حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے شراب، اس کے پینے والے، اس کے بیچنے اور خریدنے والے، اس کا رس نکالنے والے اور نکلوانے والے، اسے اٹھانے اور اپنے لئے اٹھوانے والے پر لعنت فرمائی ہے۔
(سنن ابی داوُ د، جلد سوئم کتاب الاشربۃ حدیث نمبر:3674)حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول کریم ﷺ کو فرماتے سنا کہ شراب انگور کے رس، منقے (کشمش) کھجور، گندم، جو اور مکئی سے تیار ہوتی ہے اور میں تمہیں ہر نشہ آور چیز سے منع کرتا ہوں۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب الاشربۃ :1872) (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الاشربۃ حدیث نمبر۳۶۷۷)حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہر نشہ آور چیز شراب ہے اور ہر نشہ آور چیز حرام ہے اور جس شخص کی موت اس حال میں واقعہ ہوئی کہ وہ شرابی تھا اور اس پر مداومت تھی (یعنی اس نے توبہ نہیں کی) تو ایسا شخص آخرت میں (شراباً طھوراََ) پاکیزہ شراب نہیں پئے گا (یعنی ایسا شخص جنت میں نہیں جائے گا)۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الاشربۃ حدیث نمبر :3679)حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس چیز کا زیادہ حصہ نشہ آور ہو تو اس کی تھوڑی سی مقدار بھی حرام ہے۔
(سنن ابی داوُد، کتاب الاشربۃ جلد سوئم حدیث نمبر:3681)(ترمزی)حضرت دیلم الحمیری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺسے دریافت کیا تو میں نے کہا اے اللہ کے رسول ﷺ ہم سرد علاقے کے باشندے ہیں ہم وہاں سخت جانفشانی والا کام کرتے ہیں اور ہم گندم سے شراب بناتے ہیں ہم اپنے علاقے کی سردی اور اپنے سخت مشقت والے کام میں اس کے ذریعے توانائی حاصل کرتے ہیں (کیا یہ جائز ہے) ۔آپ ﷺ نے فرمایا کیا وہ نشہ آور ہے؟ میں نے کہا جی ہاں۔ آپ ﷺ نے فرمایا تو پھر اس سے اجتناب کرو۔ میں نے عرض کیا لوگ اسے نہیں چھوڑیں گے۔ آپ ﷺ نے فرمایا اگر وہ نہ چھوڑیں تو انہیں قتل کرو۔
(سنن ابی داوُد، کتاب الاشربۃ جلد سوئم حدیث نمبر :3683)حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ہر نشہ آور اور فتور پیدا کرنے والی چیز سے منع فرمایا ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الاشربۃ حدیث نمبر :3686)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب آدمی زنا کرتا ہے تو وہ اس وقت مومن نہیں ہوتا جب چور چوری کرتا ہے تو وہ اس وقت مومن نہیں ہوتا اور جب شراب پیتا ہے تو وہ اس وقت بھی مومن نہیں ہوتا اور توبہ تو بعد میں پیش ہوتی ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب السنۃ :4689)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ اللہ تعالیٰ نے شراب اور اس کی قیمت وصول کرنا حرام قرار دیا ہے اسی طرح مردار اور اس کی قیمت وصول کرنا، نیز خنزیر اور اس کی قیمت حرام قرار دیا ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد دوم کتاب البیوع :3485)« Previous 12 Next » 14 |