ریاکاری

  • حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا ایسے شخص کے بارے میں فرمایئے کہ جو نیک عمل کرتا ہے اور اس کی وجہ سے لوگ اس کی تعریف کرتے ہیں (کیا اسے نیک عمل کرنے کا ثواب ملے گا، لوگوں کا اس کی تعریف کرنا ریاکاری میں تو داخل نہیں ہوگا؟) آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا یہ تو مومن کوجلد ملنے والی بشارت ہے۔

    (مسلم)
  • حضرت ابوسعید بن ابی فضالہ انصاری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جب اللہ تعالیٰ قیامت کے دن جس کے آنے میں کوئی شک نہیں ہے سب لوگوں کو جمع فرمائیں گے تو ایک پکارنے والا پکارے گا جس شخص نے اپنے کسی ایسے عمل میں جو اس نے اللہ تعالیٰ کے لئے کیا تھا کسی اور کو بھی شریک کیا تو وہ اس کا ثواب اسی دوسرے سے جاکر مانگ لے کیونکہ اللہ تعالیٰ شرکت میں سب شرکاء سے زیادہ بے نیاز ہیں۔

    (ترمذی)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا تم لوگ جُبّ الحَزَن سے پناہ مانگا کرو۔ صحابہ رضی اللہ عنہم نے پوچھا جُبّ الحَزَن کیا چیز ہے؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا جہنم میں ایک وادی ہے کہ خود جہنم روزانہ سو مرتبہ اُس سے پناہ مانگتی ہے۔ عرض کیا گیا یارسول اللہ اس میں کون لوگ جائیں گے؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا وہ قرآن پڑھنے والے جو دکھلاوے کے لئے اعمال کرتے ہیں۔

    (ترمذی)
  • حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ (اپنے حجرہ مبارک سے ) نکل کر ہمارے پاس تشریف لائے، اس وقت ہم لوگ آپس میں مسیح دجال کا تذکرہ کررہے تھے۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کیا میں تم کو وہ چیز نہ بتاؤں جو میرے نزدیک تمہارے لئے دجال سے بھی زیادہ خطرناک ہے؟ ہم نے عرض کیا یارسول اللہ ضرور ارشاد فرمائیں۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا وہ شرک خفی ہے (جس کی ایک مثال یہ ہے) کہ آدمی نماز پڑھنے کے لئے کھڑا ہو اور نماز کو سنوار کر اس لئے پڑھے کہ کوئی دوسرا اس کو نماز پڑھتے دیکھ رہا ہے۔

    (ابن ماجہ)
  • حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا اس امت کو عزت، سربلندی، نصرت اور روئے زمین میں غلبہ کی خوشخبری دے دو (یہ انعامات تو مجموعی طور پر امت کو مل کر رہیں گے پھر ہر ایک کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اس کی نیت کے مطابق ہوگا) چنانچہ جس نے آخرت کا کام دنیوی منافع حاصل کرنے کے لئے کیا ہوگا آخرت میں اسکا کوئی حصہ نہ ہوگا۔

    (مسند احمد)
  • حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جس نے دکھلانے کے لئے نماز پڑھی اس نے شرک کیا، جس نے دکھلانے کے لئے روزہ رکھا اس نے شرک کیا اور جس نے دکھلانے کے لئے صدقہ کیا اس نے شرک کیا۔

    (مسند احمد)
  • حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جو شخص اپنے عمل کو لوگوں کے درمیان مشہور کرے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے اس ریا والے عمل کو اپنی مخلوق کے کانوں تک پہنچادیں گے (کہ یہ شخص ریاکار ہے) اور اس کو لوگوں کی نگاہ میں چھوٹا اور ذلیل کردیں گے۔

    (طبرانی، مجمع الزوائد)
 

7

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق