کاروبار خریدو فروخت کا بیان

  • حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا حلال (صاف صاف) کھلا ہوا ہے اور حرام بھی (صاف صاف) کھلا ہوا ہے اور ان دونوں کے بیچ میں کچھ ایسی چیزیں ہیں جو دونوں طرف ملتی جلتی ہیں۔ پھر جس نے اس چیز کو چھوڑ دیا جس کے گناہ ہونے میں شبہ ہو تو وہ صاف صاف گناہ کو ضرور چھوڑ دے گا اور جس نے شبہ کی چیز پر دلیری کی وہ فریب ہے صاف صاف حرام میں بھی پھنس جائے گا ۔اور گناہ اللہ کی چراگاہ ہیں جو چراگاہ کے آس پاس چرائے وہ اس میں بھی گھس جانے کے قریب ہے۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر1924)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ایک زمانہ لوگوں پر ایسا آئے گا کہ آدمی کچھ پرواہ نہ کرے گا حلال سے کمائے یا حرام سے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر1932)
  • حضرت مقدام بن معد یکرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کسی آدمی کے لئے اس سے بہتر کوئی کھانا نہیں ہے کہ اپنے ہاتھ سے محنت کرکے کھائے اور اللہ کے پیغمبر حضرت داؤدؑ اپنے ہاتھ سے (زرہ بناکر) کھایا کرتے تھے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر1943)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا تم میں اگر کوئی لکڑیوں کا گٹھا (جنگل سے کاٹ کر) اپنی پیٹھ پر لاد کر لائے اس کو بیچ کر کھائے تو اس سے بہتر ہے کہ سوال کرے وہ دے یا نہ دے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب البیوع، حدیث نمبر1945)
  • حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا اگلے زمانے میں تم سے پہلے ایک آدمی مرگیا۔ فرشتوں نے اس کی روح سے ملاقات کی اور پوچھا تو نے کوئی نیک کام کیا۔ وہ بولا (کچھ نہیں مگر) میں نے اپنے غلاموں اور نوکروں کو یہ حکم دے رکھا تھا کہ کسی پر سخت تقاضا نہ کریں مال دار کو مہلت دیں اور محتاج کو معاف کردیں یہ سن کر فرشتوں نے بھی اس کو چھوڑ دیا۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر1948)
  • حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا اللہ اس شخص پر رحم کرے جو بیچتے اور خریدتے اور تقاضا کرتے وقت نرمی اور ملائمت کرتا رہے۔

    (بخاری ، جلد اول کتا ب البیوع ،حدیث نمبر1947)
  • حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا بیچنے والا اور خریدنے والا دونوں کو جب تک جدا نہ ہوں پھیر دینے کا اختیار ہے۔ پھر اگر وہ دونوں سچ بولیں گے اور جو عیب وغیرہ ہو وہ صاف صاف بیان کردیں گے تو ان کی بیع میں برکت ہوگی اور اگر چھپائیں گے اور جھوٹ بولیں گے تو ان کی بیع میں برکت نہ رہے گی۔

    (سنن ابی داوُد ،جلد دوم کتاب البیوع3459)(بخاری ،جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر1950 )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جھوٹی قسم کھانے سے گو مال بک جاتا ہے لیکن برکت مٹ جاتی ہے۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب البیوع ،حدیث نمبر1958)
  • حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا جو کوئی ایسی بکری خریدے جس کے تھن میں دودھ رکھا گیا ہو وہ اس کو پھیر سکتا ہے اور ایک صا ع اس کے ساتھ دے دے اور آنحضرت ﷺ نے بستی سے آگے بڑھ کر مال لانے والوں سے خریدنا منع کیا ہے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب البیوع، حدیث نمبر2017)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا تین آدمیوں سے تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن بات بھی نہیں کرے گا نہ ان کی طرف نظر التفات کرے گا۔ ایک وہ شخص جس نے جھوٹی قسم کھائی مجھ کو اس سامان کے اتنے روپے ملتے تھے حالانکہ اس سے کم ملتے تھے۔ دوسرے جس نے ایک مسلمان شخص کا مال مار لینے کو عصر کے بعد جھوٹی قسم کھائی۔ تیسرے وہ شخص جس نے اپنی ضرورت سے بچا ہوا پانی روک لیا۔ اللہ تعالیٰ ا س سے فرمائے گا تو نے اس پانی کو روک رکھا جو تیرا بنایا ہوا نہ تھا ۔آج میں اپنا فضل تجھ سے روک لیتا ہوں۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب المساقاۃ ،حدیث نمبر2212)
« Previous 1234 Next » 

34

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق