تقدیر

  • حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جتنی آزمائش سخت ہوتی ہے اس کا بدلہ بھی اتنا ہی بڑا ملتا ہے اور اللہ تعالیٰ جب کسی قسم سے محبت کرتے ہیں تو ان کو آزمائش میں ڈالتے ہیں۔ پھر جو اس آزمائش پر راضی رہا اللہ تعالیٰ بھی اس سے راضی ہوجاتے ہیں اور جو ناراض ہوا اللہ تعالیٰ بھی اس سے ناراض ہوجاتے ہیں۔

    (ترمذی)
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: سب کچھ تقدیر میں لکھا جاچکا ہے یہاں تک کہ (انسان کا) ناسمجھ اور ناکارہ ہونا، ہوشیار اور قابل ہونا بھی تقدیر ہی سے ہے۔

    (مسلم)
  • حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ہر چیز کی ایک حقیقت ہوتی ہے۔ کوئی بندہ اس وقت تک ایمان کی حقیقت کو نہیں پہنچ سکتا جب تک کہ اس کا پختہ یقین یہ نہ ہو کہ جو حالات اس کو پیش آئے ہیں وہ آنے ہی تھے اور جوحالات اس پر نہیں آئے وہ آہی نہیں سکتے تھے۔

    (مسند احمد، طبرانی، مجمع الزوائد)
  • حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: اللہ تعالیٰ ہر بندے کی پانچ باتیں لکھ کر فارغ ہوچکے ہیں۔ اس کی موت کا وقت، اس کا رزق، اس کی عمر، بدبخت ہے یا نیک بخت۔

    (مسند احمد)
  • حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ ہر اچھی بری تقدیر پر ایمان نہ رکھے۔

    (مسند احمد)
« Previous 123 Next » 

25